ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / نوجوان اپنے آپ  میں اعتماد پیدا کریں :منگلورو میں یوتھ سالیڈیارٹی کے زیر اہتمام نوجوانوں کے لئے دوروزہ ورکشاپ کا آغاز

نوجوان اپنے آپ  میں اعتماد پیدا کریں :منگلورو میں یوتھ سالیڈیارٹی کے زیر اہتمام نوجوانوں کے لئے دوروزہ ورکشاپ کا آغاز

Sat, 04 Mar 2017 21:49:03    S.O. News Service

منگلورو:4/مارچ    (ایس او نیوز) آج جو حالات دنیا میں اور ہمارے ملک میں پیدا ہوئے ہیں وہ اسی لئے پیداہوئے ہیں کہ اس وقت اسلام ایک زبردست قوت بن کر ابھر رہاہے، اسلام پر عمل کرنےو الوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ اسلام ساری دنیا کے مسائل کو حل کرنےکی صلاحیت رکھتاہےاور دنیا کے مختلف مقامات پر مسلمان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کا لوہا منوا رہے ہیں، ان خیالا ت کا اظہار جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر جماعت محترم سعادت اللہ حسینی نےکیا۔

وہ یہاں منگلورو میں ہیراکیمپس میں جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کے شعبہ یوتھ ونگ سالیڈیارٹی کے ’’ خود اعتمادی ، انصاف ، اتحاد ‘‘ کے عنوان پر منعقدہ دوروزہ ریاستی سطح کے ورکشاپ میں کلیدی خطاب کررہے تھے۔ محترم نے پوری ریاست سے آئے ہوئے نوجوانوں کو جھنجھوڑتے ہوئے کہاکہ نوجوان اپنے  آپ میں خود اعتماد ی پیدا کریں ، ساتھ ساتھ اسلام پر، اسلام کے نظریہ حیات پر  ،امت مسلمہ پراعتماد کریں۔ حالات کیسے بھی ہوں ہمارا اعتمادمتزلزل نہ ہونے پائے۔جب ہم نے دنیا کے سامنے اسلامی بینکنگ کا تصور پیش کیا تو آج آپ دیکھتے ہیں کہ پوری  دنیا اسلامی بینکنگ کی طرف دنیا متوجہ ہورہی ہے، سود کی لعنت سے دنیا باخبر ہورہی ہے۔ انہوں نے اعداد وشمارات کے ذریعے بتایاکہ اسلامی خاندان کا یہ اثر ہے کہ امریکہ میں ایک مرد کے مقابلے میں تین عورتیں  اسلام قبول کررہی ہیں۔ ہمیں یہ بھی اعتماد رہے کہ مستقبل اسلام کا ہے، مستقبل ہماراہے، مستقبل انصاف اور انسانیت کا ہے۔ مسلمانوں کو باہمی تفریق میں مبتلا کرکے طاقت کو کمزور کرنے کی سازشوں کا پردہ فاش کرتےہوئے محترم نائب امیر جماعت نے کہا کہ مسلمانوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے ، کسی لحاظ سے کہیں بھی کوئی اختلاف نہیں ہے ، ہزار میں نوسو ننانوے باتیں ایسی ہیں جہاں ساری دنیا کے مسلمان متحدہیں، دنیا کے الگ الگ گوشے  میں مقیم ہیں ڈیڑھ ملین مسلمان اتنی سب  باتوں پر متفق ہیں جوایک معجزہ ہے اور  یہ ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ اسلام کا مقصد یہی ہے کہ ساری انسانیت کو انصاف ملے۔موصوف نے نوجوانوں کو ثابت قدم رہنے کی دعوت دیتےہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی سنت رہی ہے کہ وہ  سخت حالات اور آزمائشوں کے درمیان میں ہی سے کامیابی کے دروازے کھولتاہے، اگر ہم ثابت قدم رہے تو روشن مستقبل کا دروازہ ثابت ہونگے۔ اعتدال اور جدیدیت کے نام سے مسلم نوجوانوں کو پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسلام، دین ، اسلامی شریعت سے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ خیالات اور فکر کی انتہاپسندی ، تشدد  وغیرہ خودکشی کا ذریعہ ہیں مہلک ہیں، نوجوان قرآن و حدیث کی طرف رجوع ہوں تو یقیناً ایک روشن مستقبل ہمار اہوگا۔ برادر شوکت حسین نے خطاب کا کنڑا ترجمہ پیش کیا۔

WhatsApp_Image_2017-03-04_at_12_26_45_PM1.jpeg

جماعت اسلامی ہند کرناٹکا شعبہ تعلیمات کے سکریٹری جناب سید تنویر احمد نے مسلم سماجی ، سیاسی اور معاشی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں میں سیاسی شعور صرف 2% ہے جس کانتیجہ ہمارے سامنے ہے ، ہمارے نوجوان ووٹ کے لئے بک جاتے ہیں، انہیں  احساس ہی نہیں ہے کہ وہ کس طاقت کے مالک ہے۔ ووٹر ہونے کامطلب کیا ہے۔جمہوری نظام میں ووٹ ایک بہت بڑی طاقت ہے ، انہوں نے نوجوانوں سے کہاکہ نوجوانوں کو  اپنے حقوق کو حاصل کرنے کے لئےوہ  سب راستے اپناتے ہوئے جدوجہد کرنی ہوگی جو جمہوری نظام میں انہیں حاصل ہیں۔

دوپہر کے سیشن میں ڈاکٹرکرناٹکا جن شکتی کے ڈاکٹر واسو نے بھارتی دستوراور اقلیتوں کے عنوان پر خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت نے سیاسی دعوے ، پریشر گروپ اور سیاسی شعور پر نوجوانوں سے خطاب کیا۔ ورکشاپ کا آغازبرادار عاصم خان کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ سالیڈیارٹی کرناٹکا کے صدر برادر مدثر احمد نے استقالیہ اور افتتاحی کلمات پیش کئے۔ ورکشاپ کے ناظم مطاق پٹالہ نے شکریہ اداکیا۔  ریاست بھر سے کل 250نوجوان ورکشاپ میں شریک ہیں ۔ بھٹکل سے بھی بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور بھٹکل سالیڈیارٹی کے زیراہتمام کل 21نوجوان ورکشاپ میں شامل ہیں۔


Share: